ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھوپال انکاؤنٹر؛ جبلپور ہائی کورٹ نے مسترد کی عرضداشت ؛ گلزار اعظمی نے دیا سپریم کورٹ سے رجو ع ہونے کا عندیہ

بھوپال انکاؤنٹر؛ جبلپور ہائی کورٹ نے مسترد کی عرضداشت ؛ گلزار اعظمی نے دیا سپریم کورٹ سے رجو ع ہونے کا عندیہ

Sat, 31 Dec 2016 00:59:50    S.O. News Service

ممبئی۳۰؍ دسمبر(ایس او نیوز/ پریس ریلیز) مہاراشٹر کی پڑوسی ریاست مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے مضافات میں گذشتہ ماہ مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں مارے گئے آٹھ مسلم نوجوانوں کے معاملے میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے جبلپور ہائی کورٹ میں کریمنل رٹ پٹیشن داخل کی تھی جس پر گذشتہ روز سماعت عمل میں آئی جس کے دوران جبلپور ہائی کورٹ نے اس معاملے میں کسی بھی طرح کی مداخلت و ہدایت نہ جاری کرتے ہوئے اپنا پلڑا جھاڑ لیا ہے۔ جمعیۃ علماء کے توسط سے داخل کردہ عرضداشت میں عرض گذار عبدالرشید محمد یوسف نے آٹھ لوگوں کو فریق بنایا تھا جس میں مدھیہ پردیش حکومت (پرنسپل سیکریٹری)، ڈائرکٹر جنرل آف پولس (ایم پی)،انسپکٹر جنرل آف پریزن سینٹرل جیل، سپرنٹنڈنٹ آف پولس ہیڈ کوارٹر، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پریزن (بھوپال)، جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل، اسٹیشن ہاؤس آفیسرپولس ہیڈکوارٹراور اسٹیشن ہاؤس پولس آفیسرگاندھی نگر(بھوپال) شامل تھے نیز عرضداشت میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ جانچ کمیشن میں انکاؤنٹر میں مارے گئے مسلم نوجوانوں کے وکلاء کو بھی شامل کیا جائے لیکن اس تعلق سے بھی کوئی حکمنامہ نہیں جاری کیا گیا ۔

دوران بحث دفاعی وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ یکم نومبر کو ایک منصوبہ بند شازش کے تحت مبینہ سیمی کے رکن آٹھ مسلم نوجوانوں کا قتل کیا گیا اور اسے بعد میں انکاؤنٹر کا نام دیا گیا حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آٹھ مسلم نوجوان ہائی سیکوریٹی سیل سے کیسے بھاگے تھے بلکہ پولس کی من گھڑت کہانی سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مسلم نوجوانوں کو ایک منظم سازش کے تحت قتل کیا گیا جس کی اعلی سطحی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے ۔
اس موقع پر سرکاری وکیل نے جسٹس سنجو یاد وکو بتایا کہ اس معاملے میں حکومت مدھیہ پردیش نے ایک آزادانہ تحقیقاتی کمیشن ریٹائرڈ ہائی کورٹ جسٹس ایس کے پانڈے کی سربراہی میں تشکیل دی ہے جو معاملے کی تحقیقات شروع کرچکا ہے لہذا عرضد گذارکا کوئی بھی مطالبہ اس موقع پر تحقیقات میں روڑے اٹکانے کے متراد ف ہے لہذا عرضداشت کو خارج کیا جائے ۔

فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد جسٹس سنجو یادو نے اپنے سات صفحات پر مشتمل فیصلہ میں کہا کہ اب جبکہ حکومت مدھیہ پردیش نے عدالت عظمی کے رہنمایانہ اصولوں کے مطابق جانچ کمیشن بنا دیا ہے لہذا جانچ کمیشن کی مکمل رپورٹ پیش ہونے تک اس تعلق سے کسی بھی طرح کی ہدایت جاری کرنا ٹھیک نہیں ہوگا ۔

جبلپور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ وہ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے مطمین نہیں ہیں اور وہ سینئر وکلاء سے صلاح و مشورہ کے بعد اس تعلق سے عدالت عظمی یعنی کے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کی سینٹرل جیل سے مبینہ طور پر آٹھ مسلم قیدی جن پر سیمی کے رکن ہونے کا الزام تھا جیل توڑ کر فرار ہوگئے تھے لیکن فرار ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ریاستی انسداد دہشت گرد دستہ نے ان لوگوں کو راجدھانی کے مضافات میں ایک انکاؤنٹر میں قتل کردیا تھا ۔


Share: